دبئی،یکم اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بین الاقوامی سول ایو ایشن آرگنائزیشن نے قطر کی جانب سے بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ملکوں کی مذمت کے مطالبے پر مبنی درخواست مسترد کر دی ہے۔بین الاقوامی فضائی حقوق کی ضامن تنظیم ایکاؤ کا ایک اہم اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں قطر کی طرف سے دی گئی درخواست پر غور کیا گیا۔ اس درخواست میں ایکاؤ سے کہا گیا تھا کہ وہ چار عرب ممالک کی طرف سے قطر کے سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کی مذمت کرے، تاہم تنظیم نے عرب ملکوں کی مذمت کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 1944ء کو قائم کی جانے والی اس تنظیم کے آرٹیکل 54 کے تحت رکن ممالک کی طرف سے دی کسی بھی درخواست پر غور کے لیے خصوصی اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔ قطر اور اس کا بائیکاٹ کرنے والے چار رکنی عرب اتحاد اس تنظیم کا حصہ ہیں۔
گذشتہ روز ایکاؤ کے اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے سول ایو ایشن اتھارٹی کے چیئرمین عبدالحکیم بن محمد التمیمی کی قیادت میں ایک وفد نے شرکت کی۔اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے چیئرمین نے کہا کہ ایکاؤ سیاسی تنازعات اور تکنیکی امور کو الگ الگ انداز میں ڈیل کرتی ہے۔ تنظیم سیاسی نوعیت کے تنازعات میں غیر جانب دار ہے۔اس کے بعد قطری وزیر برائے فضائی نقل وحمل نے خطاب کیا جس میں انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین پر مشتمل اتحاد کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔قبل ازیں چاروں ملکوں نے قطر کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے ہوائی جہازوں کو خلیج اور مصر کی طرف سے نو فضائی روٹس استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔